US KE LIYE (AFSANA) اُس کے لئے (افسانہ)
اُس کے لئے میر صاحب حسن ایڈیٹر’’تریاق‘‘ممبئی رات آدھی سے زیادہ بیت چکی تھی، بارش کی شریر بوندیں گاہے گاہے سے جیپ کے شیشے سے ٹکرارہی تھیں جنھیں کانچ پر لگا وائپر خوبصورتی سے ایک سمت کرتا جارہا تھا۔ دوگھنٹے پہلے بھی میں قصبہ کا چکر لگا چکا تھا ۔مکمل طور پر امن تھا کہیں کوئی شور شرابہ نہیں تھا مگر ریڈیوسے جو خبریں دوسرے شہروں کی آرہی تھیں اس سے اندازہ ہورہا تھا کہ ریاست کی صورتحال کیا ہوگئی ہے جگہ جگہ فساد پربا تھا۔حکومت امن کا دعویٰ کررہی تھی مگر صورتحال بدتر ہوتی جارہی تھی۔جب سے مسلمانوں کے ہمدرد کہے جانے والے لیڈر کی سرکار بنی تھی تب ہی سے مسلمانوں کا قتل عام ہورہا تھا ،جگہ جگہ ریلیف کیمپ لگے ہوئے تھےقریبی شہر میں۔ ٹیکم گڈھ ریاست میں شہر سے دور ایک چھوٹا سا قصبہ ہے ،جس کی آبادی بمشکل چالیس ہزار نفوس پر مشتمل تھی۔ بہت سے تاجر پیشہ افراد شہروں میں رہتے تھے چھٹیوں میں یہاں آجاتے ۔ جنوب سمت میں ایک پہاڑی تھی اور اس سے لگ کر ایک خوبصورت سی ندی بہتی تھی جو دلوں کو سکون عطاکرتی تھی۔اسی جانب کچھ کوٹھیاں بھی موجود تھیں جس میں چند ایک کے علاوہ سب ہی آبادتھیں۔قصبہ کے بی...